بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ قطر کے بین الاقوامی میڈیا آفس نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ دوحہ اسرائیلی میڈیا کی ان بے بنیاد رپورٹوں کے خلاف اپنی سخت مخالفت کا اعلان کرتا ہے؛ جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ قطر نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف [براہ راست] فوجی کارروائیوں میں شرکت کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
قطر کے بین الاقوامی میڈیا آفس نے اس بات پر زور دیا کہ ان دعوؤں کی اشاعت ان افراد کی طرف سے کی گئی ہے جو دوحہ کو جنگ میں کھینچنے، ثالثی میں اس کے مرکزی کردار کو کمزور کرنے اور خطے کو مزید کشیدگی اور افراتفری کی طرف لے جانے کے درپے ہیں۔
اس ادارے نے واضح کیا کہ قطری حکام نے اس تنازع کے آغاز سے بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ دوحہ نے کسی بھی پڑوسی ملک کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی میں شرکت نہیں کی ہے اور نہ ہی کرے گا۔
قطر زور دے کر کہا ہے کہ وہ اس قسم کے گمراہ کن دعوؤں کو اپنی جاری سفارتی کوششوں کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دے گا جو وہ اس تنازع کو ختم کرنے کے لئے کر رہا ہے۔
دوحہ نے اس بیان کے آخر میں کہا کہ وہ اپنے علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ ہم آہنگ رہ کر، ایک جامع اور پائیدار معاہدے کے حصول کے لئے، اپنی خیرخواہانہ کوششوں کا سلسلہ جاری رکھے گا جو تمام متعلقہ فریقوں کے تحفظات کو دور کرے۔
عبرانی اخبار اسرائیل ہیوم نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ قطر سمیت خلیج فارس کی عرب ریاستیں گذشتہ دو دنوں کے دوران ایران کے خلاف حملوں میں شامل ہو گئی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ